پاک عرب ریفائنری لمیٹڈ، (پارکو)، حکومت پاکستان اور امارات ابو ظہبی کا مشترکہ منصوبہ۔ حکومت پاکستان اس منصوبے کے 60فیصد شیئرز جبکہ امارات ابو ظہبی اپنی مبادلہ انویسٹمنٹ کمپنی کے ذریعے سرمایہ کاری کے نتیجے میں 40فیصد شیئرز کے مالک ہیں۔
پارکو کی اہم کاروباری سرگرمیوں میں شامل ہیں:
پارکو پاکستان کی جدید ترین ریفائنری ہے جہاں 120,000بیرل یومیہ تیل صاف کرنے کی صلاحیت ہے، جو ملکی ضرورت کا 25فیصد ہے۔اس کے علاوہ ملک بھر میں پھیلا ہوا 2,000کلو میٹر سے زائد پائپ لائن سسٹم،بشمول پاک عرب پائپ لائن کمپنی لمیٹڈ (پیپکو)، اس کے ساتھ ساتھ ایک ملین میٹرک ٹن سے زائد اسٹوریج کی گنجائش کے ساتھ ساتھ تیزی سے پھیلتا ہوا ٹوٹل پارکو ریٹیل نیٹ ورک (TPPL) جو کہ ٹوٹل فرانس کے ساتھ ایک مشترکہ منصوبہ ہے۔ پاکستان میں شیورون کے فیول بزنس کے حصول کے ساتھ TPPL اب پاکستان کی دوسری بڑی آئل مارکیٹنگ کمپنی ہے۔پارکو ملک بھر میں پرل گیس کے نام سے LPGمارکیٹ کر رہا ہے۔اس کے علاوہ پرل فیولز کے نام سے فیول آئل اور بیٹیوروکس کے نام سے اعلیٰ معیار کا اسفالٹ بھی مارکیٹ کیا جا رہا ہے۔
حکومت پاکستان اور امارات ابو ظہبی کے مسلسل تعاون کی وجہ سے پارکو گذشتہ برسوں میں متعدد توانائی کے منصوبوں پر عملدرآمد کر سکا ہے، جنہوں نے زرمبادلہ بچا کر، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور روزگار کے مواقع فراہم کر کے ملکی معیشت کی بہتری میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔
پارکو کی کارکردگی نہ صرف اس کے تیکنیکی اور مالی نتائج سے ظاہر ہے بلکہ اسے دوسری کامیابیوں اور ایوارڈز سے بھی جانچا جا سکتا ہے۔ مثلاً PACRA کی جانب سے کمپنی نے گذشتہ دو دہائی سے مسلسل اپنی طویل المدت اور قلیل المدت ریٹنگ کو AAA اور A1+برقرار رکھا ہے۔ پارکو پاکستان کی پہلی کمپنی ہے جس نے یکے بعد دیگرے تین انٹرنیشنل سرٹیفکیٹ جیت گئے:
9001:2015 ISO (کوالٹی مینجمنٹ سسٹم)، 14001:2015 ISO (ماحولیاتی مینجمنٹ سسٹم)، اور 45001:2018 ISO (ہیلتھ اینڈ سیفٹی مینجمنٹ سسٹم)۔ پارکو گذشتہ کئی سال سے ماحو لیات کی بہترین مینجمنٹ کے سلسلے میں ماحولیات کا ایکسیلنس ایوارڈ جیت رہا ہے.
تیل کی ماحول دوست مصنوعات کی تیاری سے لے کر بہترین اور عالمی معیار کی تنصیبات اور انفرا اسٹرکچر، پر اعتماد اور تجربہ کار ٹیم کی تشکیل اور اہم سماجی اقدامات سمیت، پارکو توانائی کی ضروریات ذمہ داری سے پوری کرنے کی بھرپور کوششوں میں مصروف ہے۔